حاصل پور (وطن نیوز) — ضلع بہاولپور کے شہر حاصل پور سے تعلق رکھنے والے نوجوان موسمیاتی کارکن محمد علی ظفر اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کاپ 31) میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے ہیں۔
محمد علی ظفر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور (آئی یو بی) کے سابق طالب علم ہیں۔ انہوں نے 2021 میں یونیورسٹی کے گرین کیمپس پراجیکٹ سے اپنے موسمیاتی سفر کا آغاز کیا، جہاں انہوں نے رضاکارانہ طور پر پراجیکٹ مینیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
اس منصوبے کے تحت انہوں نے نوجوانوں کے اقدامات کی قیادت کی جن میں شجرکاری، ماحولیاتی آگاہی، کچرے کا انتظام اور توانائی و پانی کی بچت شامل تھی۔ یہ منصوبہ ڈاکٹر عابد رشید گل کی پہل پر شروع کیا گیا تھا۔
بعد ازاں گرین یوتھ موومنٹ کلب سے وابستگی اور تحقیق و ایس ڈی جی اقدامات میں پیشہ ورانہ تجربات نے موسمیاتی عمل کے لیے ان کے عزم کو مزید مضبوط کیا۔
کاپ 31 میں ان کی شرکت ان کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ آئی یو بی کی ماحولیاتی شعور رکھنے والے نوجوانوں کی تربیت، کمیونٹی کی بنیاد پر پائیداری کے اقدامات اور عالمی موسمیاتی عمل کے لیے مستقبل کے قائدین تیار کرنے میں کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
واضح رہے کہ آئی یو بی کے گرین کیمپس پراجیکٹ کو رواں سال جون میں اسپرنگر نیچر کی اشاعت میں ایک باب کی صورت میں جگہ ملی تھی۔
رپورٹ: رضوان چوہدری