لاہور (وطن نیوز) — تین سال کی جدائی، ایک ماں کی واپسی — اور ایک خاندان کی ادھوری خوشیاں مکمل ہو گئیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی (میرا پیارا) کی کوششوں سے آسیہ نامی خاتون کو تین سال بعد ان کے اہل خانہ سے ملوا دیا گیا۔
آسیہ کے شوہر کے انتقال کے بعد ان کی ذہنی حالت بگڑ گئی تھی۔ وہ 2024 میں لاہور میں لاوارث حالت میں پائی گئیں، جس پر ایک شہری نے انہیں علاج کے لیے مینٹل ہسپتال میں داخل کروا دیا۔ ان کا 9 سالہ بیٹا بھی والد کے انتقال کے بعد اپنی والدہ سے بچھڑ گیا تھا۔
میرا پیارا ٹیم نے مینٹل ہسپتال سے 552 بزرگ شہریوں کا ڈیٹا حاصل کیا، جن میں سے 434 کو بائیومیٹرک تصدیق اور سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے ان کے اہل خانہ سے ملوایا جا چکا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک اور کامیابی میں ضلع جھنگ کے گاؤں باغ سے آسیہ کے اہل خانہ نے ٹیم سے رابطہ کیا۔ پولیس اور عدالتی تصدیق کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد آسیہ کو ان کے خاندان کے حوالے کر دیا گیا۔